راولاکوٹ میں امن و امان بحال، سی ایم ایچ کا محاصرہ ختم، شرپسند عناصر کے خلاف کارروائی

راولاکوٹ (ایم این این) آزاد کشمیر پولیس کے ترجمان کے مطابق گزشتہ روز کالعدم ایکشن کمیٹی سے وابستہ پرتشدد اور مسلح عناصر نے راولاکوٹ میں امن و امان کی صورتحال خراب کرنے کی کوشش کرتے ہوئے قانون نافذ کرنے والے اداروں پر منظم فائرنگ کی اور بعد ازاں کمبائنڈ ملٹری ہسپتال، سی ایم ایچ راولاکوٹ، کا محاصرہ کر لیا۔
پریس ریلیز کے مطابق مشتعل عناصر کی جانب سے مختلف مقامات پر آگ لگانے اور سرکاری و نجی املاک کو نقصان پہنچانے کے واقعات بھی پیش آئے، جس کے باعث علاقے میں کشیدگی پیدا ہوئی جبکہ سی ایم ایچ راولاکوٹ میں معمول کی طبی سرگرمیاں اور مریضوں کو فراہم کی جانے والی سہولیات بھی متاثر ہوئیں۔
ترجمان کے مطابق قانون نافذ کرنے والے اداروں نے انتہائی تحمل، پیشہ ورانہ مہارت اور ذمہ داری کا مظاہرہ کرتے ہوئے 7 اور 8 جون کی درمیانی شب ایک منظم اور ہدفی کارروائی کی، جس کے نتیجے میں سی ایم ایچ راولاکوٹ کا محاصرہ مکمل طور پر ختم کروا دیا گیا۔
حکام کا کہنا ہے کہ کارروائی کے دوران شہریوں، مریضوں، طبی عملے اور سرکاری املاک کے تحفظ کو اولین ترجیح دی گئی۔ محاصرہ ختم ہونے کے بعد ہسپتال میں طبی خدمات اور علاج معالجے کی تمام سرگرمیاں معمول کے مطابق بحال کر دی گئی ہیں۔

پریس ریلیز کے مطابق 6 جون سے جاری پرتشدد واقعات کے دوران فائرنگ کے نتیجے میں قانون نافذ کرنے والے اداروں کے چار اہلکار جان کی بازی ہار چکے ہیں، جن میں آزاد کشمیر پولیس اور دیگر سیکیورٹی اداروں کے اہلکار شامل ہیں، جبکہ متعدد اہلکار زخمی بھی ہوئے۔
بیان میں دعویٰ کیا گیا ہے کہ کالعدم ایکشن کمیٹی سے وابستہ تین افراد اپنی ہی جانب سے کی جانے والی اندھا دھند فائرنگ کے نتیجے میں ہلاک ہوئے جبکہ متعدد دیگر زخمی ہوئے ہیں۔
ترجمان کے مطابق شرپسند عناصر کو منتشر کر دیا گیا ہے، علاقے میں امن و امان بحال ہو چکا ہے، بیشتر شاہراہیں ٹریفک کے لیے کھول دی گئی ہیں جبکہ بازار اور تجارتی مراکز بھی معمول کے مطابق سرگرم ہیں۔
آزاد کشمیر پولیس اور دیگر قانون نافذ کرنے والے اداروں نے عوام کے جان و مال کے تحفظ اور ریاستی رٹ کے قیام کے لیے اپنی ذمہ داریوں کی ادائیگی جاری رکھنے کے عزم کا اظہار کیا ہے اور ان کی خدمات کو قابل تحسین قرار دیا گیا ہے۔
پریس ریلیز میں کہا گیا ہے کہ شہید اہلکاروں کی نماز جنازہ سرکاری اعزاز کے ساتھ ادا کی جائے گی جبکہ پرتشدد کارروائیوں میں ملوث عناصر کے خلاف قانونی کارروائی جاری ہے اور ذمہ دار افراد کو قانون کے کٹہرے میں لانے کے لیے اقدامات کیے جا رہے ہیں۔
ترجمان انسپکٹر جنرل پولیس آزاد کشمیر نے عوام سے اپیل کی ہے کہ وہ کسی بھی غیر قانونی یا پرتشدد سرگرمی کا حصہ بننے سے گریز کریں، افواہوں اور گمراہ کن اطلاعات پر یقین نہ کریں اور صورتحال سے متعلق صرف مستند سرکاری ذرائع سے جاری کردہ معلومات پر اعتماد کریں۔
حکام کے مطابق امن و امان کی صورتحال معمول پر ہے جبکہ عوام کو حالات سے متعلق درست اور بروقت معلومات فراہم کرنے کا سلسلہ جاری رکھا جائے گا۔

مزید پڑھیں
- Advertisment -
Google search engine

مزید پڑھیں