صدرِ مملکت آصف علی زرداری 71 سال کے ہو گئے۔ملک بھر میں سالگرہ کی تقریبات

اسلام آباد میں مختلف مقامات پر پروقار تقریبات، کیک کاٹے گئے، صحت و درازیٔ عمر کے لیے خصوصی دعائیں

اسلام آباد: ایم این این

صدرِ مملکت پاکستان اور پاکستان پیپلز پارٹی پارلیمنٹیرینز کے صدر آصف علی زرداری کی 71ویں سالگرہ کے موقع پر پورے ملک میں جیالوں نے بھرپور جوش و خروش سے منائی ۔اسلام آباد سمیت مختلف مقامات پر سادہ مگر پروقار تقریبات کا انعقاد کیا گیا، جہاں سالگرہ کے کیک کاٹے گئے، صدرِ مملکت کی صحت، درازیٔ عمر، ملکی استحکام اور عوامی خوشحالی کے لیے خصوصی دعائیں کی گئیں۔
مرکزی تقریب زرداری ہاؤس اسلام آباد میں منعقد ہوئی، جہاں پاکستان پیپلز پارٹی ویمن ونگ کی مرکزی صدر اور رکن سندھ اسمبلی فریال تالپور نے پارٹی رہنماؤں کے ہمراہ سالگرہ کا کیک کاٹا۔
اس موقع پر چیئرپرسن بینظیر انکم سپورٹ پروگرام سینیٹر روبینہ خالد، رکن سندھ اسمبلی سعدیہ جاوید، رکن پنجاب اسمبلی نرگس فیض ملک اور پاکستان پیپلز پارٹی کے سینئر رہنما چوہدری ریاض بھی موجود تھے،

جنہوں نے مشترکہ طور پر صدر آصف علی زرداری کی 71ویں سالگرہ کا کیک کاٹا اور انہیں دلی مبارکباد پیش کی۔
تقریب کے شرکاء نے صدر آصف علی زرداری کی جمہوریت کے استحکام، آئین کی بالادستی اور عوامی حقوق کے تحفظ کے لیے خدمات کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے اس عزم کا اظہار کیا کہ پاکستان پیپلز پارٹی، چیئرمین بلاول بھٹو زرداری اور صدر آصف علی زرداری کی قیادت میں عوامی خدمت، جمہوری اقدار کے فروغ اور ملک کی ترقی و خوشحالی کے مشن کو مزید آگے بڑھاتی رہے گی۔
دوسری جانب پاکستان پیپلز پارٹی کے سینٹرل سیکرٹریٹ اسلام آباد میں بھی صدرِ مملکت کی سالگرہ کے سلسلے میں تقریب کا انعقاد کیا گیا، جہاں سینٹرل سیکرٹریٹ کے انچارج سبطی بخاری نے پارٹی کارکنوں کے ہمراہ سالگرہ کا کیک کاٹا۔
تقریب میں پاکستان پیپلز پارٹی کے کارکنوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی، صدر آصف علی زرداری کی صحت، درازیٔ عمر اور ملک کی ترقی و استحکام کے لیے دعائیں کیں، جبکہ پارٹی قیادت کے ساتھ تجدیدِ عہد کرتے ہوئے عوامی خدمت اور جمہوری جدوجہد کو مزید مؤثر انداز میں جاری رکھنے کے عزم کا اعادہ کیا۔

مزید پڑھیں
- Advertisment -
Google search engine

مزید پڑھیں