ورلڈ اسپورٹس جرنلسٹس ڈے، رسجا کی شاندار تقریب

وزیر اطلاعات عطا تارڑ عطا تارڑ نے رسجا کی نومنتخب کابینہ سے حلف لیا،اسپورٹس صحافیوں سے مکمل تعاون کا اعلان

اسلام آباد : ایم این این

راولپنڈی اسلام آباد اسپورٹس جرنلسٹس ایسوسی ایشن، رسجا، کے زیر اہتمام ورلڈ اسپورٹس جرنلسٹس ڈے بھرپور جوش و خروش سے منایا گیا۔ تقریب کے مہمانِ خصوصی وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطا اللہ تارڑ تھے، جنہوں نے اسپورٹس صحافیوں کے لیے حکومت کے مکمل تعاون کا یقین دلایا۔
راولپنڈی اسلام آباد اسپورٹس جرنلسٹس ایسوسی ایشن، رسجا، نے ورلڈ اسپورٹس جرنلسٹس ڈے کی مناسبت سے ایک پروقار تقریب کا انعقاد کیا، جس میں اسپورٹس جرنلزم کے فروغ، پیشہ ورانہ اخلاقیات اور ذمہ دارانہ رپورٹنگ کے عزم کا اعادہ کیا گیا۔
سرینا ہوٹلز کے تعاون سے منعقدہ تقریب میں وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطا اللہ تارڑ نے بطور مہمان خصوصی شرکت کی، ورلڈ اسپورٹس جرنلسٹس ڈے کا کیک کاٹا اور رسجا کی نومنتخب کابینہ سے حلف لیا۔
تقریب میں وزیراعظم کے معاون خصوصی بدر شہباز، وفاقی سیکرٹری بین الصوبائی رابطہ محی الدین وانی، ڈائریکٹر جنرل پاکستان اسپورٹس بورڈ یاور حسین، سرینا ہوٹلز کے ڈائریکٹر سیلز اینڈ مارکیٹنگ عمران حسن، پاکستان فیڈرل یونین آف جرنلسٹس کے صدر افضل بٹ، نیشنل پریس کلب کے صدر عبدالرزاق سیال، فنانس سیکرٹری عابد عباسی، سابق قومی ہاکی کپتان شکیل عباسی، پاکستان اولمپک ایسوسی ایشن اور مختلف قومی اسپورٹس فیڈریشنز کے نمائندوں نے شرکت کی۔

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وفاقی وزیر اطلاعات عطا اللہ تارڑ نے کہا کہ کھیل ان کے دل کے بہت قریب ہیں اور اسپورٹس صحافی کھلاڑیوں کی کامیابیوں اور کھیلوں کے فروغ میں کلیدی کردار ادا کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اگر اسپورٹس صحافی نہ ہوں تو کھلاڑیوں کی محنت اور کامیابیاں عوام تک نہیں پہنچ سکتیں۔
عطا تارڑ نے سینئر اسپورٹس صحافی عبدالمحی شاہ کو حکومت کی جانب سے تمغۂ امتیاز ملنے کو پوری صحافتی برادری کے لیے اعزاز قرار دیا۔
وفاقی وزیر اطلاعات نے رسجا کے اراکین کو حکومت کے مکمل تعاون کی یقین دہانی کراتے ہوئے اسپورٹس صحافیوں کی فلاح و بہبود کے لیے ایک کمیٹی تشکیل دینے کی تجویز دی، تاکہ قابلِ عمل سفارشات مرتب کی جا سکیں۔ انہوں نے یقین دلایا کہ وزارتِ اطلاعات ان سفارشات پر عملدرآمد کے لیے ہر ممکن کردار ادا کرے گی۔
وفاقی سیکرٹری بین الصوبائی رابطہ محی الدین وانی نے اپنے خطاب میں کہا کہ اسپورٹس صحافی ملک میں کھیلوں کے فروغ میں اہم کردار ادا کر رہے ہیں۔ انہوں نے پاکستان ہاکی کی بحالی کی کوششوں کا ذکر کرتے ہوئے بتایا کہ غیر ملکی کوچز کی خدمات حاصل کرنا ایک بڑا چیلنج تھا، جبکہ پاکستان ہاکی فیڈریشن کے مالی وسائل بھی دو ملین روپے سے بڑھ کر تقریباً چار سو ملین روپے تک پہنچ چکے ہیں۔
تقریب کے دوران سینئر اسپورٹس صحافیوں کو ان کی گرانقدر خدمات پر خراجِ تحسین پیش کیا گیا، جبکہ نوجوان صحافیوں پر زور دیا گیا کہ وہ پیشہ ورانہ دیانت، اخلاقیات اور ذمہ دارانہ صحافت کی روایات کو مزید مضبوط بنائیں۔
ورلڈ اسپورٹس جرنلسٹس ڈے ہر سال 2 جولائی کو دنیا بھر میں منایا جاتا ہے۔ اس دن کا مقصد کھیلوں کی صحافت سے وابستہ افراد کی خدمات کو خراجِ تحسین پیش کرنا اور ذمہ دار، غیر جانبدار اور پیشہ ورانہ اسپورٹس جرنلزم کے فروغ کی اہمیت کو اجاگر کرنا ہے۔

مزید پڑھیں
- Advertisment -
Google search engine

مزید پڑھیں