وزیراعظم شہباز شریف کی چوہدری نثار علی خان کی رہائش گاہ آمد، اظہار تعزیت اور عیادت

راولپنڈی (ایم این این) وزیراعظم محمد شہباز شریف نے سینئر سیاسی رہنما چوہدری نثار علی خان کی رہائش گاہ کا دورہ کیا، جہاں انہوں نے چوہدری نثار علی خان کی خوشدامن کے انتقال پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا۔

وزیراعظم نے مرحومہ کے ایصالِ ثواب کے لیے فاتحہ خوانی کی اور دعا کی کہ اللہ تعالیٰ مرحومہ کو جوارِ رحمت میں جگہ عطا فرمائے اور اہل خانہ کو یہ صدمہ برداشت کرنے کے لیے صبر جمیل اور استقامت نصیب فرمائے۔

اس موقع پر وزیراعظم نے چوہدری نثار علی خان کی خیریت بھی دریافت کی اور ان کی عیادت کرتے ہوئے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔ وزیراعظم نے کہا کہ دکھ اور غم کی اس گھڑی میں حکومت اور پوری قوم چوہدری نثار علی خان اور ان کے خاندان کے ساتھ کھڑی ہے۔

ملاقات کے دوران ملکی سیاسی صورتحال اور باہمی دلچسپی کے امور پر بھی غیر رسمی گفتگو ہوئی۔ ذرائع کے مطابق ملاقات خوشگوار ماحول میں ہوئی اور دونوں رہنماؤں نے مختلف امور پر تبادلہ خیال کیا۔

اس موقع پر اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق، وفاقی وزیر قانون اعظم نذیر تارڑ اور وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطا اللہ تارڑ بھی وزیراعظم کے ہمراہ موجود تھے۔

وزیراعظم نے ایک بار پھر مرحومہ کے درجات کی بلندی کے لیے دعا کرتے ہوئے سوگوار خاندان سے دلی ہمدردی اور تعزیت کا اظہار کیا۔

مزید پڑھیں
- Advertisment -
Google search engine

مزید پڑھیں