لاہور: ایم این این
پنجاب حکومت نے صارفین کے حقوق کے تحفظ کے لیے اہم اقدام کرتے ہوئے دکانداروں کی جانب سے گاہکوں سے شاپنگ بیگ (کیری بیگ) کی الگ قیمت وصول کرنے پر مکمل پابندی عائد کر دی ہے۔ محکمہ تحفظِ ماحول پنجاب نے واضح کیا ہے کہ کسی بھی مال، سپر مارکیٹ یا دکان پر خریداری کے بعد سامان رکھنے کے لیے فراہم کیے جانے والے بائیو ڈی گریڈ ایبل یا کپڑے کے شاپنگ بیگز کی قیمت گاہک سے الگ وصول کرنا قانوناً جرم ہے۔
محکمہ تحفظِ ماحول کے مطابق اس ہدایت کی خلاف ورزی کرنے والے دکاندار کو 50 ہزار روپے تک جرمانہ کیا جائے گا۔ دکانداروں کو پابند کیا گیا ہے کہ وہ شاپنگ بیگز کی قیمت کو اپنی کاروباری لاگت کا حصہ بنائیں اور اس کی الگ وصولی سے گریز کریں۔
حکام کا کہنا ہے کہ اس اقدام کا مقصد صارفین کو غیر ضروری اضافی مالی بوجھ سے بچانا، شفاف کاروباری طریقہ کار کو فروغ دینا اور صارفین کے حقوق کا تحفظ یقینی بنانا ہے۔
محکمہ تحفظِ ماحول پنجاب نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ اگر کسی مال، سپر مارکیٹ یا دکان پر شاپنگ بیگ کے الگ پیسے طلب کیے جائیں تو فوری طور پر ضلعی انتظامیہ یا محکمہ تحفظِ ماحول کو شکایت درج کرائیں تاکہ ذمہ داروں کے خلاف قانون کے مطابق کارروائی عمل میں لائی جا سکے۔
حکام کے مطابق صوبے بھر میں فیصلے پر سختی سے عملدرآمد یقینی بنایا جائے گا اور خلاف ورزی کرنے والے کاروباری اداروں کے خلاف بلاامتیاز کارروائی کی جائے گی۔



