اسلام آباد: ایم این این
مسلم لیگ ن آزاد کشمیر نے عام انتخابات 2026 کی تیاریوں کو حتمی شکل دینے کے لیے مرکزی الیکشن رابطہ سیل قائم کر دیا ہے۔ پارٹی صدر شاہ غلام قادر نے راولپنڈی اور اسلام آباد میں رابطہ سیل کے قیام کی منظوری دے دی ہے، جس کا مقصد انتخابی سرگرمیوں کو مؤثر، منظم اور مربوط بنانا ہے۔پارٹی قیادت نے ممبر آزاد جموں و کشمیر کونسل ملک حنیف کو مرکزی الیکشن رابطہ سیل کا انچارج مقرر کیا ہے، جبکہ مرکزی سیکرٹریٹ کے انچارج سید ذوالفقار اور راجہ نادر امتیاز بھی رابطہ سیل میں اہم ذمہ داریاں انجام دیں گے۔

رابطہ سیل آزاد کشمیر اور مہاجرینِ جموں و کشمیر کے تمام انتخابی حلقوں سے مسلسل رابطہ رکھے گا اور امیدواروں کی انتخابی سرگرمیوں، مسائل اور تجاویز براہِ راست پارٹی کی مرکزی قیادت تک پہنچائے گا تاکہ بروقت فیصلے کیے جا سکیں۔پارٹی ذرائع کے مطابق رابطہ سیل انتخابی مہم کی نگرانی، مختلف حلقوں کے درمیان رابطہ کاری، تنظیمی امور میں ہم آہنگی اور انتخابی مہم کے دوران درپیش چیلنجز کے فوری حل میں کلیدی کردار ادا کرے گا۔مسلم لیگ ن آزاد کشمیر کا کہنا ہے کہ انتخابات 2026 کے لیے تنظیمی تیاریوں کا دائرہ مزید وسیع کر دیا گیا ہے اور رابطہ سیل کے قیام سے انتخابی مہم کو زیادہ مؤثر، مربوط اور نتیجہ خیز بنایا جائے گا۔



