وفاقی وزارتِ آئی ٹی اور میٹا نے بڑا اقدام اٹھا لیا۔

پاکستان میں سمال بزنس گروتھ اکیڈمی کا باضابطہ آغاز کر دیا گیا۔

اسلام آباد: ایم این این

وفاقی وزارتِ آئی ٹی اور میٹا کے اشتراک سے
پروگرام کا مقصد پاکستان کے چھوٹے اور درمیانے درجے کے کاروباری اداروں کو جدید ڈیجیٹل اور مصنوعی ذہانت، یعنی اے آئی ٹیکنالوجی سے آراستہ کرنا اور انہیں کاروباری ترقی کے نئے مواقع فراہم کرنا ہے۔

اس اقدام کے تحت پاکستان بھر میں ایک ہزار سے زائد چھوٹے کاروباروں کو بالمشافہ اور ورچوئل تربیت فراہم کی جائے گی، تاکہ کاروباری افراد جدید ڈیجیٹل ٹولز اور اے آئی ٹیکنالوجی کو مؤثر انداز میں استعمال کر سکیں۔

سمال بزنس گروتھ اکیڈمی کا آغاز لاہور، کراچی، اسلام آباد، پشاور اور کوئٹہ سمیت 9 بڑے شہروں میں کیا جائے گا۔

پروگرام میں خواتین کے زیرِ انتظام کاروباروں کے ساتھ ساتھ ٹیکسٹائل، دستکاری اور آئی ٹی سروسز کے شعبوں پر خصوصی توجہ دی جائے گی۔

وفاقی وزیرِ مملکت برائے آئی ٹی و ٹیلی کمیونیکیشن شزہ فاطمہ خواجہ کا کہنا ہے کہ چھوٹے کاروبار ملکی معیشت میں ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتے ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ میٹا کے ساتھ شراکت داری سے چھوٹے کاروباروں میں مزید بہتری آئے گی، جبکہ نوجوانوں کے لیے روزگار کے مواقع پیدا ہوں گے اور کاروبار کو وسعت دینے میں مدد ملے گی۔

شزہ فاطمہ خواجہ نے کہا کہ مستقبل میں وفاقی وزارتِ آئی ٹی اور میٹا کے اشتراک سے چلنے والی تربیتی سرگرمیوں کو مزید وسیع پیمانے پر پھیلایا جائے گا۔

حکام کے مطابق ڈیجیٹل مہارتوں، اے آئی اور جدید ٹیکنالوجی تک رسائی سے چھوٹے کاروباروں کو نہ صرف مقامی بلکہ عالمی مارکیٹ تک رسائی کے نئے مواقع بھی میسر آئیں گے۔

سمال بزنس گروتھ اکیڈمی کو پاکستان کے چھوٹے کاروباروں کی ڈیجیٹل منتقلی اور نوجوانوں کے لیے نئے معاشی مواقع پیدا کرنے کی جانب اہم قدم قرار دیا جا رہا ہے۔

مزید پڑھیں
- Advertisment -
Google search engine

مزید پڑھیں