کراچی(ایم این این) پاکستان بلائنڈ کرکٹ کونسل نے نویں پی بی سی سی بلائنڈ کرکٹ سپر لیگ 2025-26 کے انعقاد کا اعلان کر دیا ہے۔ یہ قومی سطح کا ٹورنامنٹ 15 سے 21 جون تک ایبٹ آباد کے اے پی ایس اسکول کرکٹ گراؤنڈ میں کھیلا جائے گا۔
ایونٹ میں خیبرپختونخوا، پنجاب، سندھ اور بلوچستان کی ٹیمیں شرکت کریں گی، جبکہ تمام میچز ڈبل راؤنڈ رابن فارمیٹ کے تحت کھیلے جائیں گے۔ ٹورنامنٹ کا افتتاحی میچ 15 جون کو سندھ اور پنجاب کے درمیان ہوگا، جبکہ گرینڈ فائنل 21 جون کو منعقد کیا جائے گا۔

پاکستان بلائنڈ کرکٹ کونسل کے مطابق یہ لیگ بصارت سے محروم کھلاڑیوں کو اپنی صلاحیتوں کے اظہار کا بہترین موقع فراہم کرے گی اور مستقبل کی قومی و بین الاقوامی ٹیموں کے لیے ٹیلنٹ کی تلاش میں بھی معاون ثابت ہوگی۔ کونسل نے کھیلوں کے شائقین اور میڈیا نمائندوں سے اپیل کی ہے کہ وہ اس منفرد اور متاثر کن ایونٹ کا حصہ بنیں اور کھلاڑیوں کی حوصلہ افزائی کریں۔



