بنگلہ دیش اور امریکہ کے درمیان آبی و ساحلی فوجی تعاون کو مزید وسعت دینے پر اتفاق

ڈھاکہ (ایم این این)بنگلہ دیش اور امریکہ کے درمیان آبی و ساحلی فوجی تعاون کو مزید وسعت دینے پر اتفاق کرتا لیا گیا ہے۔ بنگلہ دیش آرمی کے بریگیڈیئر جنرل محمد محمود الرحمٰن منہاز نے امریکی ریاست ہوائی میں منعقدہ پیسیفک ایمفیبیئس لیڈرز سمپوزیم (PALS) 2026 کے موقع پر امریکی میرین کور کے لیفٹیننٹ جنرل بینجمن واٹسن سے اہم ملاقات کی، جس میں دونوں ممالک کے درمیان آبی و ساحلی آپریشنز سے متعلق تعاون کو مزید مضبوط بنانے پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
ملاقات کے دوران دونوں عسکری رہنماؤں نے مشترکہ مشقوں، پیشہ ورانہ تربیت، آپریشنل تجربات کے تبادلے اور جدید عسکری صلاحیتوں کے فروغ کے امکانات کا جائزہ لیا۔ فریقین نے اس بات پر زور دیا کہ باہمی تعاون کے فروغ سے دونوں افواج کی سمندری اور ساحلی ماحول میں کارروائیوں کی استعداد میں اضافہ ہوگا۔
پیسیفک ایمفیبیئس لیڈرز سمپوزیم ایشیا بحرالکاہل کے خطے میں آبی و ساحلی جنگی حکمت عملی، انسانی امدادی سرگرمیوں، قدرتی آفات سے نمٹنے اور مشترکہ سکیورٹی چیلنجز سے متعلق امور پر تبادلہ خیال کے لیے ایک اہم بین الاقوامی فورم سمجھا جاتا ہے۔ اس میں مختلف ممالک کی بری، بحری اور میرین افواج کے اعلیٰ حکام شریک ہوتے ہیں۔
دفاعی ماہرین کے مطابق بنگلہ دیش اور امریکہ کے درمیان دفاعی روابط میں حالیہ برسوں کے دوران اضافہ دیکھنے میں آیا ہے، جس میں تربیتی پروگراموں، عسکری تبادلوں اور علاقائی استحکام کے لیے مشترکہ اقدامات کو خصوصی اہمیت حاصل رہی ہے۔
مبصرین کا کہنا ہے کہ پی اے ایل ایس 2026 کے موقع پر ہونے والی یہ ملاقات دونوں ممالک کے درمیان دفاعی شراکت داری کو مزید وسعت دینے اور بحر ہند و بحرالکاہل کے خطے میں سکیورٹی تعاون کے فروغ کی جانب ایک اہم پیش رفت قرار دی جا رہی ہے

مزید پڑھیں
- Advertisment -
Google search engine

مزید پڑھیں