مری : ایم این این
مسلم لیگ ن کے قائد میاں نواز شریف سے آزاد کشمیر کے سینئر پارٹی رہنما مشتاق منہاس کی مری میں اہم ملاقات ہوئی۔
ذرائع کے مطابق نواز شریف کی دعوت پر مشتاق منہاس نے ناشتے کی میز پر پارٹی قائد سے ملاقات کی، جس میں وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز بھی خصوصی طور پر شریک ہوئیں۔
ملاقات کے دوران نواز شریف اور مریم نواز نے مشتاق منہاس سے آزاد کشمیر کی موجودہ سیاسی صورتحال پر تفصیلی گفتگو کی۔
مشتاق منہاس نے آزاد کشمیر کے انتخابی معاملات، سیاسی صورتحال اور آئندہ کے لائحہ عمل سے متعلق نواز شریف کو بریفنگ دی۔
ذرائع کے مطابق آزاد کشمیر میں حکومت سازی اور آئندہ سیاسی حکمت عملی پر بھی تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔
ایل اے پندرہ کے انتخابی عمل پر بھی مشاورت ہوئی، جبکہ ذرائع کا کہنا ہے کہ نواز شریف نے انتخابی معاملات میں مبینہ اندرونی سازشوں پر تشویش کا اظہار کیا۔
مری میں نواز شریف کی زیرِ صدارت اہم مشاورتی سرگرمیاں جاری ہیں، جبکہ آزاد کشمیر میں حکومت سازی مرکزی نقطہ بنی ہوئی ہے۔
مسلم لیگ ن کی قیادت کی جانب سے آزاد کشمیر میں حکومت سازی اور آئندہ سیاسی حکمت عملی کے حوالے سے مشاورت کا سلسلہ جاری ہے۔
ذرائع کے مطابق ملاقات کے بعد نواز شریف اور مریم نواز، مشتاق منہاس کو اپنے ہمراہ پارٹی کے اہم مشاورتی اجلاس میں لے گئے۔
مشتاق منہاس نے پارٹی اجلاس میں شرکت کی اور آزاد کشمیر کے سیاسی معاملات پر ہونے والی مشاورت میں بھی شریک ہوئے۔
نواز شریف سے ملاقات کے بعد مشتاق منہاس کی پارٹی مشاورتی اجلاس میں شرکت کو آزاد کشمیر کی آئندہ سیاسی حکمت عملی کے تناظر میں اہم پیش رفت قرار دیا جا رہا ہے۔



