
گلگت بلتستان سے چترال اور اسلام آباد تک اہم مصروفیات، ترقیاتی تعاون بڑھانے پر زور
اسلام آباد:
آغا خان ڈویلپمنٹ نیٹ ورک کے سربراہ پرنس رحیم آغا خان نے پاکستان کا اہم اور مصروف دورہ مکمل کر لیا، جس کے دوران انہوں نے گلگت بلتستان، چترال، خیبر پختونخوا اور وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں متعدد تقریبات، ملاقاتوں اور ترقیاتی سرگرمیوں میں شرکت کی۔ ان کے دورے کو پاکستان میں فلاحی، تعلیمی اور سماجی ترقی کے نئے مرحلے کے آغاز کے طور پر دیکھا جا رہا ہے۔
پرنس رحیم آغا خان نے اپنے دورے کا آغاز گلگت بلتستان سے کیا جہاں وہ کئی روز تک مختلف علاقوں میں موجود رہے۔ اس دوران انہوں نے آغا خان ڈویلپمنٹ نیٹ ورک کے تحت جاری ترقیاتی منصوبوں، تعلیمی اداروں، صحت کے مراکز اور کمیونٹی پروگرامز کا تفصیلی جائزہ لیا۔ انہیں گلگت بلتستان میں جاری سماجی و معاشی منصوبوں پر بریفنگ بھی دی گئی جبکہ مقامی عمائدین، نوجوانوں، خواتین نمائندوں اور کمیونٹی ممبران سے ملاقاتیں بھی کیں۔
ذرائع کے مطابق پرنس رحیم آغا خان نے گلگت بلتستان میں مقامی آبادی کی فلاح و بہبود، معیاری تعلیم، صاف پانی، موسمیاتی تبدیلی کے اثرات اور سیاحت کے فروغ کے حوالے سے خصوصی دلچسپی کا اظہار کیا۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ پائیدار ترقی کے لیے مقامی کمیونٹیز کو مضبوط بنانا ناگزیر ہے۔
گلگت بلتستان کے بعد پرنس رحیم آغا خان چترال پہنچے جہاں انہوں نے مختلف فلاحی اور تعلیمی منصوبوں کا دورہ کیا۔ چترال میں انہوں نے کمیونٹی رہنماؤں، سماجی کارکنان اور نوجوانوں سے ملاقاتیں کیں اور علاقائی ترقی میں مقامی آبادی کے کردار کو سراہا۔ اس موقع پر ثقافتی ہم آہنگی، تعلیم کے فروغ اور قدرتی آفات سے نمٹنے کے لیے کمیونٹی سطح پر تعاون بڑھانے پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔
دورہ خیبر پختونخوا کے دوران پرنس رحیم آغا خان نے مختلف ترقیاتی منصوبوں اور سماجی اقدامات سے متعلق بریفنگز لیں۔ ذرائع کے مطابق انہوں نے صحت، تعلیم، خواتین کی خودمختاری، نوجوانوں کے روزگار اور دیہی معیشت کی بہتری کے لیے جاری پروگرامز میں مزید تعاون بڑھانے کے امکانات کا جائزہ لیا۔
اسلام آباد میں قیام کے دوران پرنس رحیم آغا خان کی اہم حکومتی اور سماجی شخصیات سے ملاقاتیں ہوئیں۔ انہوں نے وفاقی وزراء، اعلیٰ سرکاری حکام اور مختلف اداروں کے نمائندوں سے ملاقاتوں میں پاکستان میں جاری ترقیاتی تعاون، سماجی بہبود اور انسانی ترقی کے شعبوں میں مشترکہ اقدامات پر تبادلہ خیال کیا۔
وفاقی وزیر برائے پارلیمانی امور ڈاکٹر طارق فضل چوہدری نے بھی پرنس رحیم آغا خان سے ملاقات کی اور آغا خان ڈویلپمنٹ نیٹ ورک کی پاکستان میں خدمات کو سراہتے ہوئے کہا کہ اے کے ڈی این نے خصوصاً شمالی علاقوں، گلگت بلتستان اور پسماندہ خطوں میں تعلیم، صحت اور سماجی ترقی کے میدان میں نمایاں کردار ادا کیا ہے۔
ذرائع کے مطابق پرنس رحیم آغا خان نے اپنے دورے کے دوران مختلف شعبوں میں تعاون بڑھانے، کمیونٹی ڈویلپمنٹ پروگرامز کو مزید وسعت دینے اور نوجوان نسل کے لیے بہتر مواقع پیدا کرنے کے عزم کا اظہار کیا۔ انہوں نے پاکستان میں ترقیاتی شراکت داری کو مزید مضبوط بنانے پر زور دیتے ہوئے کہا کہ تعلیم، صحت اور معاشی استحکام کسی بھی معاشرے کی ترقی کی بنیاد ہیں۔
دورہ مکمل ہونے پر نورخان ایئربیس پر وفاقی وزیر ڈاکٹر طارق فضل چوہدری نے پرنس رحیم آغا خان کو الوداع کیا۔ اس موقع پر پرتپاک خیرسگالی کا اظہار کیا گیا جبکہ وفاقی وزیر کی جانب سے انہیں ایک خصوصی تصویری ایلبم بھی پیش کی گئی جس میں دورۂ پاکستان کی اہم ملاقاتوں، تقریبات اور یادگار لمحات کی تصاویر شامل تھیں۔
سیاسی، سماجی اور عوامی حلقوں کی جانب سے پرنس رحیم آغا خان کے دورے کو پاکستان میں ترقیاتی سرگرمیوں، فلاحی تعاون اور بین الاقوامی شراکت داری کے فروغ کے لیے نہایت اہم قرار دیا جا رہا ہے۔



