عید پر عوام کے لیے بڑا تحفہ، حکومت نے پیٹرول اور ڈیزل 22،22 روپے سستا کر دیا

وزیراعظم شہباز شریف کا کہنا ہے کہ عوام کو ریلیف دینا اولین ترجیح ہے، حکومت نے مشکل معاشی حالات کے باوجود ریلیف کا سلسلہ جاری رکھا۔

لاہور: وفاقی حکومت نے عیدالاضحیٰ سے قبل عوام کے لیے بڑا ریلیف دیتے ہوئے پیٹرول اور ہائی اسپیڈ ڈیزل کی قیمتوں میں 22،22 روپے فی لیٹر کمی کا اعلان کر دیا ہے۔
وزیراعظم آفس کے میڈیا ونگ کی جانب سے جاری بیان کے مطابق وزیراعظم نے قوم سے وعدہ کیا تھا کہ جیسے ہی مالی گنجائش پیدا ہوگی، عوام کو فوری ریلیف فراہم کیا جائے گا اور حکومت نے اس وعدے پر مکمل عمل کیا ہے۔
اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ نئی قیمتوں کا اطلاق فوری طور پر کیا جائے گا، جس کے بعد عوام، ٹرانسپورٹرز، موٹر سائیکل سواروں اور رکشہ ڈرائیورز کو نمایاں ریلیف ملے گا۔
وزیراعظم شہباز شریف نے اپنے بیان میں کہا کہ عوام کو ریلیف دینا حکومت کی اولین ترجیحات میں شامل ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت نے گزشتہ ہفتے بھی پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کر کے عوام کو سہولت فراہم کی تھی۔
بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ حکومت نے سخت ترین معاشی حالات میں بھی عوامی ریلیف کا سلسلہ جاری رکھا اور پبلک ٹرانسپورٹ، گڈز ٹرانسپورٹ، موٹر سائیکل اور رکشہ استعمال کرنے والوں کے لیے فیول سبسڈی فراہم کی۔
وزیراعظم آفس کے مطابق جب خطے کے دیگر ممالک میں پیٹرول کی قلت اور لمبی قطاریں دیکھنے میں آ رہی تھیں، اس وقت پاکستان میں بروقت حکومتی اقدامات کے باعث عوام کو بلا تعطل پیٹرول اور ڈیزل دستیاب رہا۔
اعلامیے کے مطابق عالمی منڈی میں تیل کے شدید بحران اور قیمتوں میں اضافے کے باوجود حکومت نے 130 روپے سے زائد سبسڈی دے کر عوام کو مہنگائی کے بڑے اثرات سے بچایا۔
معاشی ماہرین کے مطابق پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی سے نہ صرف ٹرانسپورٹ کے اخراجات کم ہوں گے بلکہ اشیائے خورونوش اور دیگر ضروری سامان کی قیمتوں میں بھی کمی آنے کی توقع ہے۔

مزید پڑھیں
- Advertisment -
Google search engine

مزید پڑھیں