بینظیر انکم سپورٹ پروگرام کا مانسہرہ میں بڑا اقدام، موبائل رجسٹریشن وین کا افتتاح

مانسہرہ : ایم این این
بینظیر انکم سپورٹ پروگرام نے مستحق خواتین تک رجسٹریشن اور مالی معاونت کی سہولیات گھر کی دہلیز تک پہنچانے کے لیے ایک اور اہم قدم اٹھا دیا۔ مانسہرہ میں موبائل رجسٹریشن وین کا افتتاح کر دیا گیا، جبکہ خواتین کو نئے ڈیجیٹل والٹ سسٹم اور بینظیر موبائل سم سے متعلق آگاہی بھی فراہم کی گئی۔

چیئرپرسن بینظیر انکم سپورٹ پروگرام سینیٹر روبینہ خالد نے مانسہرہ میں بی آئی ایس پی دفتر کا دورہ کیا اور دور دراز علاقوں کے مستحق خاندانوں کی رجسٹریشن کے لیے موبائل رجسٹریشن وین کا افتتاح کیا۔ اس موقع پر رکن صوبائی اسمبلی مہر سلطانہ ایڈووکیٹ اور دیگر خواتین رہنما بھی موجود تھیں۔
روبینہ خالد نے کہا کہ موبائل رجسٹریشن وین کے ذریعے ایسے مستحق افراد تک بی آئی ایس پی کی خدمات پہنچائی جائیں گی جن کے لیے دفاتر تک رسائی ممکن نہیں، تاکہ زیادہ سے زیادہ اہل خاندانوں کی بروقت رجسٹریشن یقینی بنائی جا سکے۔


بعد ازاں چیئرپرسن نے خواتین بینیفشریز سے ملاقات کی، ان کے مسائل سنے اور متعلقہ حکام کو فوری حل کے لیے ہدایات جاری کیں۔ انہوں نے خواتین کو نئے ڈیجیٹل والٹ سسٹم، مفت بینظیر موبائل سم، والٹ ایکٹیویشن اور ادائیگی کے جدید طریقہ کار سے متعلق بھی تفصیلی بریفنگ دی۔
روبینہ خالد کا کہنا تھا کہ نئے ڈیجیٹل والٹ نظام کے تحت مالی معاونت کی رقم براہِ راست مستحق خواتین کے ڈیجیٹل اکاؤنٹس میں منتقل کی جائے گی، جہاں سے وہ اپنی سہولت کے مطابق کسی بھی وقت مجاز ریٹیلرز سے رقم حاصل کر سکیں گی۔
انہوں نے خواتین کو ہدایت کی کہ مفت بینظیر موبائل سم صرف بی آئی ایس پی دفاتر سے حاصل کریں، سم لیتے وقت اصل شناختی کارڈ اور ذاتی موبائل فون ساتھ لائیں، جبکہ رقم وصول کرتے وقت اپنا موبائل کسی ایجنٹ یا ریٹیلر کے حوالے نہ کریں اور کسی بھی شکایت کی صورت میں فوری طور پر بی آئی ایس پی کے شکایات نظام سے رابطہ کریں۔

مزید پڑھیں
- Advertisment -
Google search engine

مزید پڑھیں