سانحہ پمز: معطل افسران کے خلاف فوجداری کارروائی میں پیش رفت

بیرونِ ملک جانے پر پابندی اور نام ای سی ایل میں شامل کرنے کا فیصلہ

اسلام آباد: (ایم این این) سانحہ پمز میں 14 نومولود بچوں کی المناک ہلاکت کے معطل افسران کے خلاف فوجداری کارروائی میں اہم پیش رفت سامنے آ گئی ہے۔

ذرائع کے مطابق معطل افسران کے بیرونِ ملک جانے پر پابندی عائد کرنے کا فیصلہ کر لیا گیا ہے، جبکہ ان کے نام ایگزٹ کنٹرول لسٹ (ای سی ایل) میں شامل کرنے کا بھی فیصلہ کیا گیا ہے تاکہ کوئی بھی ذمہ دار افسر ملک سے باہر نہ جا سکے۔

ذرائع نے بتایا کہ معطل افسران کے خلاف باقاعدہ مقدمہ درج کرنے کی بھی سفارش کی گئی ہے۔ واضح رہے کہ انکوائری کمیٹی نے اپنی رپورٹ میں مذکورہ افراد کے خلاف کارروائی کی سفارش کی تھی، جس میں پمز کے ایگزیکٹو ڈائریکٹر ڈاکٹر عمران سکندر سمیت دیگر سینئر افسران بھی شامل ہیں۔

یاد رہے کہ گزشتہ ماہ پمز کے مدر اینڈ چائلڈ ہسپتال کی نرسری میں آتشزدگی کے نتیجے میں 14 نومولود بچے جاں بحق ہوئے تھے، جس کے بعد وزیراعظم شہباز شریف نے انکوائری کمیٹی کی رپورٹ پر آٹھ افسران کی معطلی اور ان کے خلاف تادیبی و فوجداری کارروائی کا حکم دیا تھا۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ 14 نومولود بچوں کی ہلاکت پر جاری تحقیقات کی روشنی میں معطل افسران کے خلاف کارروائی مزید سخت ہونے کی توقع ہے، اور ذمہ داروں کے خلاف کسی قسم کی رعایت نہ برتنے کا عندیہ دیا گیا ہے۔

مزید پڑھیں
- Advertisment -
Google search engine

مزید پڑھیں