گورنر بلوچستان جعفر خان مندوخیل نے نئی ایئر لائن کی ڈومیسٹک سروس کا افتتاح کیا
کوئٹہ/اسلام آباد : ایم این این
بلوچستان کے فضائی رابطوں میں ایک اہم پیش رفت سامنے آئی ہے، جہاں ساؤتھ ایئر لائن نے اپنی پہلی ڈومیسٹک پرواز کا باقاعدہ آغاز کر دیا ہے۔ نئی فضائی سروس کے ذریعے کوئٹہ اور تربت کو ملک کے مختلف بڑے شہروں سے منسلک کیا جائے گا، جس سے سفر مزید آسان اور تیز ہو سکے گا۔
کوئٹہ میں منعقدہ تقریب میں گورنر بلوچستان جعفر خان مندوخیل نے ساؤتھ ایئر لائن کی ڈومیسٹک سروس کا افتتاح کیا۔ اس موقع پر حکام کا کہنا تھا کہ یہ اقدام بلوچستان میں فضائی رابطوں کو مضبوط بنانے اور عوام کو بہتر سفری سہولیات فراہم کرنے کی جانب ایک اہم قدم ہے۔

حکام کے مطابق نئی ایئر سروس کوئٹہ اور تربت کو ملک کے بڑے شہروں کے ساتھ براہِ راست منسلک کرے گی، جس سے مسافروں کو طویل زمینی سفر کی مشکلات سے نجات ملے گی اور کاروباری، سیاحتی اور سماجی سرگرمیوں کو بھی فروغ حاصل ہوگا۔
انہوں نے کہا کہ ساؤتھ ایئر لائن کی یہ سروس صوبہ بلوچستان کے عوام کے لیے جدید، محفوظ اور آرام دہ سفری سہولیات فراہم کرے گی، جبکہ کوئٹہ اور تربت کے شہریوں کو ملک کے دیگر حصوں تک آسان رسائی میسر آئے گی۔
حکام کا کہنا ہے کہ مستقبل میں پروازوں کے نیٹ ورک کو مزید وسعت دینے پر بھی غور کیا جا رہا ہے تاکہ بلوچستان کے دیگر علاقوں کو بھی قومی فضائی نیٹ ورک سے مؤثر انداز میں جوڑا جا سکے۔



