ملک بھر کی بزنس و صنعتی تنظیموں کی وفاقی بجٹ پر حکومت کو مبارکباد، کاروباری ماحول بہتر ہونے کی امید

اسلام آباد:(ایم این این)ملک کی نمایاں کاروباری تنظیموں نے وفاقی بجٹ 2026-27 کو عوامی امنگوں کے مطابق اور معیشت دوست قرار دیتے ہوئے وزیراعظم شہباز شریف، نائب وزیراعظم اسحاق ڈار، وزیر خزانہ سینیٹر محمد اورنگزیب اور معاشی ٹیم کو مبارکباد پیش کی ہے۔

فیڈریشن آف پاکستان چیمبرز آف کامرس اینڈ انڈسٹری (ایف پی سی سی آئی) نے بجٹ کو ملکی معیشت کے استحکام، سرمایہ کاری کے فروغ اور کاروباری سرگرمیوں میں اضافے کے لیے مثبت قدم قرار دیتے ہوئے کہا کہ کاروباری برادری حکومت کے ساتھ تعاون جاری رکھتے ہوئے اقتصادی ترقی اور سرمایہ کاری کے فروغ میں اپنا کردار ادا کرتی رہے گی۔

اوورسیز انویسٹرز چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری نے بجٹ میں تنخواہ دار طبقے اور کاروباری شعبے کے لیے ریلیف اقدامات کو خوش آئند قرار دیا۔ او آئی سی سی آئی کے مطابق سپر ٹیکس میں کمی اور برآمدی شعبے کے لیے مراعات سرمایہ کاری کے فروغ میں معاون ثابت ہوں گی۔

راولپنڈی چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری نے تنخواہ دار طبقے پر سرچارج کے خاتمے اور انکم ٹیکس میں کمی کا خیرمقدم کرتے ہوئے کہا کہ اس فیصلے سے متوسط طبقے کو ریلیف ملے گا اور بجٹ کاروباری ماحول کو بہتر بنانے میں مددگار ثابت ہوگا۔

پاکستان بزنس کونسل نے حکومت کی معاشی ٹیم کو بہترین بجٹ پیش کرنے پر مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ بجٹ نے جامع اور پائیدار ترقی کو حکومتی ترجیح کے طور پر واضح کر دیا ہے، جبکہ مختلف شعبوں کے لیے ریلیف اقدامات سے کاروباری ماحول بہتر اور تنخواہ دار طبقے کو سہولت ملے گی۔

پاکستان بینکس ایسوسی ایشن نے وفاقی بجٹ 2026-27 کو کئی برسوں بعد ایسا بجٹ قرار دیا جو بحران سے نکل کر ترقی کے واضح اہداف پر مرکوز ہے۔ ایسوسی ایشن کے مطابق حکومت نے مالیاتی نظم و ضبط برقرار رکھتے ہوئے ترقی اور ریلیف میں توازن قائم کیا ہے، جبکہ بینکاری شعبہ نجی معیشت کی معاونت اور معیشت کی بحالی کے لیے اپنا کردار جاری رکھے گا۔

کاروباری تنظیموں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ حکومت اور نجی شعبے کے باہمی تعاون سے ملک میں معاشی استحکام، سرمایہ کاری اور پائیدار ترقی کے نئے مواقع پیدا ہوں گے

مزید پڑھیں
- Advertisment -
Google search engine

مزید پڑھیں