اسلام آباد: ایم این این
وزیراعظم محمد شہباز شریف کی زیرِ صدارت فیڈرل بورڈ آف ریونیو کے امور پر جائزہ اجلاس ہوا، جس میں کسٹمز بانڈڈ ویئر ہاؤسز اور ان لینڈ ریونیو انفورسمنٹ سے متعلق اہم اقدامات کا جائزہ لیا گیا۔
وزیراعظم نے ملک بھر کے کسٹمز بانڈڈ ویئر ہاؤسز کا گزشتہ تین سال کا آزادانہ تھرڈ پارٹی آڈٹ کرانے کی ہدایت کردی۔
وزیراعظم محمد شہباز شریف نے واضح کیا کہ کسٹمز بانڈڈ ویئر ہاؤسز میں کسی بھی قسم کی بے ضابطگی کی گنجائش نہیں۔ انہوں نے غیر قانونی سرگرمیوں یا بے ضابطگیوں میں ملوث اہلکاروں کے خلاف قانون کے مطابق سخت کارروائی کی بھی ہدایت کی۔
اجلاس کو بریفنگ میں بتایا گیا کہ کسٹمز ویئر ہاؤسز میں پیٹرولیم مصنوعات سے متعلق کارگو کی نگرانی وی-باک سسٹم سے منسلک ہے، جبکہ بانڈڈ تجارت ملک کی مجموعی درآمدات کا 16.5 فیصد ہے۔
بریفنگ کے مطابق وزیراعظم کی ہدایت پر ملک بھر کے کسٹمز بانڈڈ ویئر ہاؤسز کی فزیکل اسٹاک ویریفکیشن بھی کرائی جائے گی۔
کسٹمز بانڈڈ ویئر ہاؤسز کی لائسنسنگ اور سیکیورٹی کو یقینی بنانے کے لیے اقدامات کیے جا رہے ہیں، جبکہ ویئر ہاؤسز کی ویلیوایشن ٹیسٹنگ اور انفارمیشن ٹیکنالوجی سسٹمز کا بھی جائزہ لیا جائے گا۔
اجلاس کو بتایا گیا کہ کسٹمز بانڈڈ ویئر ہاؤسز میں بے ضابطگیوں کے خاتمے کے لیے ضروری اقدامات جاری ہیں۔
اجلاس میں وفاقی وزراء اعظم نذیر تارڑ، احد خان چیمہ، مصدق ملک، محمد اورنگزیب، عطاء اللہ تارڑ، علی پرویز ملک، شزا فاطمہ، وزیراعظم کے مشیر ہارون اختر، رکن قومی اسمبلی عثمان اویسی، گورنر اسٹیٹ بینک جمیل احمد اور دیگر اعلیٰ حکام نے شرکت کی۔



