لاہور : ایم این این
پاکستان ہاکی فیڈریشن نے ہرمن کروئس کو قومی ہاکی کا کوچنگ ایڈوائزر مقرر کر دیا۔ ہرمن کروئس آئندہ ہاکی ورلڈ کپ کے آغاز پر پاکستان ٹیم کے ساتھ منسلک ہو جائیں گے
پاکستان ہاکی فیڈریشن کے مطابق ہرمن کروئس کو ابتدائی طور پر دو سال کے لیے پاکستان کا قومی ہاکی کوچنگ ایڈوائزر مقرر کیا گیا ہے۔ ہرمن کروئس ہالینڈ سے تعلق رکھنے والے ایک انتہائی باصلاحیت اور عالمی شہرت یافتہ ہاکی کوچ اور ہائی پرفارمنس ماہر ہیں، جنہیں بین الاقوامی ہاکی میں کئی دہائیوں کا وسیع تجربہ حاصل ہے۔ اپنے شاندار کیریئر کے دوران وہ یورپ، ایشیا اور دنیا کے دیگر خطوں میں قومی ٹیموں اور اعلیٰ سطح کے ہاکی پروگرامز کی کوچنگ اور رہنمائی کرتے رہے ہیں۔
وہ جدید کوچنگ نظام کی تشکیل، نوجوان کھلاڑیوں کی صلاحیتوں کو نکھارنے، ہائی پرفارمنس پروگرامز کو مضبوط بنانے اور ٹیموں کو بڑے بین الاقوامی مقابلوں کے لیے تیار کرنے کے حوالے سے عالمی سطح پر پہچانے جاتے ہیں۔ ان کی مہارت صرف کوچنگ تک محدود نہیں بلکہ پائیدار ہاکی ڈھانچے کی تعمیر، کوچز کی تربیت اور کھلاڑیوں کی طویل المدتی ترقی کے نظام کی تشکیل بھی ان کی نمایاں صلاحیتوں میں شامل ہے۔
قومی ہاکی کوچنگ ایڈوائزر کی حیثیت سے ہرمن کروئس پاکستان ہاکی فیڈریشن کو ملک کے ہاکی نظام کو مضبوط اور جدید خطوط پر استوار کرنے کے لیے مشاورت اور رہنمائی فراہم کریں گے۔ وہ سینئر اور جونیئر قومی ٹیموں کے ساتھ قریبی تعاون سے کام کریں گے، جدید کوچنگ اور کھلاڑیوں کی ترقی کے نظام کی تشکیل میں معاونت کریں گے اور پاکستان ہاکی کے لیے ایک مضبوط اور پائیدار ہائی پرفارمنس فریم ورک قائم کرنے میں کردار ادا کریں گے۔وہ مختلف شعبوں کے ماہر کوچز کے ساتھ مل کر تکنیکی رہنمائی بھی فراہم کریں گے اور پاکستان میں ہاکی کے مجموعی ڈھانچے، کوچنگ کے راستوں اور ٹیلنٹ کی نشاندہی اور ترقی کے پروگرامز کو مزید مؤثر بنانے میں اپنا کردار ادا کریں گے۔
ہرمن کروئس آئندہ ہاکی ورلڈ کپ کے آغاز پر پاکستان ٹیم کے ساتھ منسلک ہو جائیں گے، جہاں وہ عبوری مرحلے کے دوران کوچنگ اسٹاف کے ساتھ مل کر کام کریں گے۔ ورلڈ کپ کے بعد وہ باضابطہ طور پر پاکستان کی سینئر اور جونیئر ٹیموں کی ایشین گیمز اور دیگر بڑے بین الاقوامی مقابلوں کے لیے منصوبہ بندی اور تیاری کی قیادت کریں گے۔
ہرمن کروئس کی تقرری پاکستان ہاکی کی بحالی کے لیے پاکستان ہاکی فیڈریشن کی جامع حکمت عملی کے تحت بین الاقوامی تکنیکی ماہرین کی شمولیت کے سلسلے کا پہلا قدم ہے۔ آنے والے مہینوں میں مزید عالمی معیار کے ماہر کوچز اور تکنیکی ماہرین کے تقرر کا بھی اعلان کیا جائے گا۔
پاکستان ہاکی فیڈریشن نے ہرمن کروئس کو خوش آمدید کرے ہوئے امید ظاہر کی ہے کہ ان کے وسیع بین الاقوامی تجربے، تکنیکی مہارت اور قائدانہ صلاحیتوں سے پاکستان ہاکی کو نئی سمت اور نئی توانائی ملے گی، تاکہ قومی کھیل اپنے شاندار ماضی کی عظمت کو دوبارہ حاصل کر سکے۔



