بلوچستان عوامی پارٹی نے سیاسی سرگرمیاں معطل کر دیں،صادق سنجرانی کا اعلان

بلوچستان عوامی پارٹی کا صوبے میں امن و امان کی صورتحال پر تشویش کا اظہار

اسلام آباد/کوئٹہ: ایم این این

بلوچستان عوامی پارٹی (بی اے پی) نے بلوچستان میں امن و امان کی بگڑتی ہوئی صورتحال کے پیش نظر اپنی تمام سیاسی سرگرمیاں عارضی طور پر معطل کرنے کا اعلان کر دیا ہے۔

پارٹی کے رہنما اور سابق چیئرمین سینیٹ صادق سنجرانی نے اپنے بیان میں کہا کہ بلوچستان اس وقت ایک نازک دور سے گزر رہا ہے، جہاں امن و امان کی صورتحال انتہائی تشویشناک ہے۔ ایسے حالات میں سیاسی سرگرمیوں کے بجائے عوام کے جان و مال کے تحفظ اور امن کے قیام کو اولین ترجیح دی جانی چاہیے۔

انہوں نے کہا کہ بلوچستان عوامی پارٹی نے موجودہ حالات کے تناظر میں تمام سیاسی اجتماعات، تنظیمی سرگرمیاں اور عوامی پروگرام عارضی طور پر معطل کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ پارٹی قیادت مسلسل حالات کا جائزہ لے رہی ہے اور امن کی بحالی کے بعد آئندہ کے لائحہ عمل کا اعلان کیا جائے گا۔

صادق سنجرانی نے دہشت گردی اور بدامنی کے حالیہ واقعات پر گہری تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ معصوم شہریوں اور سیکیورٹی اہلکاروں کی جانوں کا ضیاع پوری قوم کا نقصان ہے۔ انہوں نے دہشت گردی کے خلاف قومی اتحاد پر زور دیتے ہوئے کہا کہ سیاسی اختلافات سے بالاتر ہو کر ملک اور خصوصاً بلوچستان میں امن کے قیام کے لیے مشترکہ کوششوں کی ضرورت ہے۔

انہوں نے وفاقی اور صوبائی حکومتوں سے مطالبہ کیا کہ بلوچستان میں امن و امان کی صورتحال بہتر بنانے، شہریوں کے تحفظ کو یقینی بنانے اور دہشت گرد عناصر کے خلاف مؤثر اقدامات کیے جائیں تاکہ صوبے میں معمولات زندگی بحال ہو سکیں۔

بیان کے مطابق بلوچستان عوامی پارٹی کا کہنا ہے کہ موجودہ حالات میں سیاسی سرگرمیوں سے زیادہ اہم عوام کا تحفظ، امن کا قیام اور صوبے میں استحکام کی بحالی ہے، اسی مقصد کے تحت یہ فیصلہ کیا گیا ہے۔

مزید پڑھیں
- Advertisment -
Google search engine

مزید پڑھیں