تعلیمی اداروں سے ہاکی پلیئرز کی تلاش کا مشن،کیلنڈر جاری

شیڈول میں 6 بڑے نیشنل ایونٹس شامل خواتین، جونیئرز اور اسکول لیول پر ٹیلنٹ ابھارنے پر خصوصی توجہ مرکوز ہو گی۔

اسلام آباد (ایم این این)پاکستان ہاکی فیڈریشن نے آئندہ ڈومیسٹک ہاکی کیلنڈر 27-2026 کا باقاعدہ اعلان کر دیا۔ جس کے تحت ملک بھر کے تمام صوبائی محکمہ جات، اسپورٹس ڈیپارٹمنٹس، بورڈز آف انٹرمیڈیٹ اینڈ سیکنڈری ایجوکیشن، یونیورسٹیوں، ڈسٹرکٹ اسپورٹس اتھارٹیز، ہاکی ایسوسی ایشنز اور تمام متعلقہ اسٹیک ہولڈرز کو فوری طور پر تیاریاں شروع کرنے کی ہدایات بھی دیدی گئی ہیں۔
پی ایچ ایف اعلامیے کے مطابق نئے ڈومیسٹک سیزن کا بنیادی مقصد ملک میں ہاکی کے بنیادی ڈھانچے کو نچلی سطح سے مضبوط بنانا ہے، جس کے تحت اسکولوں سے لے کر ایلیٹ لیول تک بوائز، گرلز، جونیئرز، خواتین اور سینئر کھلاڑیوں کو بہترین مسابقتی ماحول اور آگے بڑھنے کے مواقع فراہم کیے جائیں گے۔


قومی ایونٹس کیلنڈر کے ممطاب نیشنل ویمنز ہاکی چیمپئن شپ: 2 جولائی سے 11 جولائی 2026ء
نیشنل انڈر-15 بوائز اینڈ گرلز ہاکی چیمپئن شپ: 12 نومبر سے 22 نومبر 2026،نیشنل انڈر-21 ہاکی چیمپئن شپ: 2 جنوری سے 12 جنوری2027،نیول کپ (سینئر مینز): 16 مارچ سے 26 مارچ 2027،چیف آف آرمی اسٹاف ہاکی چیمپئن شپ: 5 اپریل سے 15 اپریل 2027،نیشنل بینک گولڈ کپ: 25 اپریل سے 5 مئی 2027ء
پی ایچ ایف نے تمام تعلیمی اداروں، کالجوں، اسکولوں، ڈسٹرکٹ اور صوبائی ہاکی ایسوسی ایشنز کو ہدایت کی ہے کہ وہ ایونٹس میں بھرپور اور معیاری شرکت کو یقینی بنانے کے لیے کھلاڑیوں کی رجسٹریشن، ٹیلنٹ ہنٹ ، کوچنگ کیمپس اور انٹر-اسکول و انٹر-ڈسٹرکٹ ٹورنامنٹس کا انعقاد وقت سے پہلے شروع کریں۔
اعلامیے میں اس بات پر خصوصی زور دیا گیا ہے کہ قومی ہاکی کی بحالی اور عالمی سطح پر پاکستان کا کھویا ہوا وقار واپس پانے کے لیے تعلیمی اداروں اور صوبائی اسپورٹس اسٹرکچر کا متحرک ہونا ناگزیر ہے۔ صوبائی حکام اسکولوں اور کالجوں کی ٹیموں، بالخصوص انڈر-15، انڈر-18 اور ویمن چیمپئن شپس میں شرکت کے لیے تعلیمی اداروں سے قریبی رابطہ رکھیں۔ فیڈریشن کے مطابق ایونٹس میں شرکت کے تفصیلی ضوابط اور کھلاڑیوں کی اہلیت کا معیار پی ایچ ایف کمپٹیشن ڈیپارٹمنٹ کی جانب سے جلد الگ سے جاری کیا جائے گا۔

مزید پڑھیں
- Advertisment -
Google search engine

مزید پڑھیں