واقعہ کربلا حق، صبر استقامت اور قربانی کا درس دیتا ہے،سپیکر ایاز صادق

اسلام آباد ایم این این

اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے یومِ عاشور کے موقع پر اپنے خصوصی پیغام میں شہدائے کربلا کی لازوال قربانیوں کو خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ عاشورہ حق، صبر، استقامت اور قربانی کا عظیم پیغام دیتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ نواسۂ رسول حضرت امام حسینؑ اور ان کے باوفا رفقاء نے دینِ اسلام کی بقا، سربلندی اور حق کی خاطر اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کیا اور واقعۂ کربلا حق و باطل کے معرکے میں حق کی سربلندی کی ایک عظیم مثال ہے۔

اسپیکر قومی اسمبلی نے کہا کہ پیغامِ حسینی عدل، رواداری، اخوت، برداشت اور انسانیت کی خدمت کا درس دیتا ہے۔ ظلم و جبر کے خلاف ڈٹ جانا اور حق پر قائم رہنا ہی اصل پیغامِ کربلا ہے، جو ہر دور کے انسان کے لیے مشعلِ راہ ہے۔

سردار ایاز صادق نے کہا کہ آج امتِ مسلمہ کو اتحاد، ہم آہنگی اور باہمی احترام کو فروغ دینے کی ضرورت ہے۔ انہوں نے دہشت گردی اور انتہا پسندی کے خاتمے کے لیے قومی اتحاد کو ناگزیر قرار دیتے ہوئے کہا کہ فلسطین اور کشمیر کے مظلوم عوام کی جدوجہد بھی ہمیں پیغامِ کربلا کی یاد دلاتی ہے۔

انہوں نے کہا کہ عاشورہ ہمیں صبر، تحمل، برداشت اور بھائی چارے کا درس دیتا ہے جبکہ واقعۂ کربلا حق، انصاف اور انسانی وقار کا ایک آفاقی پیغام ہے، جس سے رہنمائی حاصل کرتے ہوئے ہمیں ایک پرامن، متحد اور باوقار معاشرے کے قیام کے لیے مشترکہ کوششیں جاری رکھنی چاہئیں

مزید پڑھیں
- Advertisment -
Google search engine

مزید پڑھیں