اسلام آباد: ایم این این
اسلام آباد میں منعقد ہونے والی او آئی سی کی دو روزہ نویں وزارتی کانفرنس برائے خواتین میں او آئی سی کے رکن ممالک کے وزراء، اعلیٰ حکام، سفارتکاروں اور خواتین رہنماؤں نے شرکت کی۔ کانفرنس میں خواتین کو بااختیار بنانے، تعلیم، معاشی ترقی، سماجی تحفظ، ڈیجیٹل شمولیت اور اسلامی دنیا میں خواتین کے کردار کے فروغ سے متعلق مختلف امور پر تبادلۂ خیال کیا گیا۔
اسلام آباد میں منعقد ہونے والی او آئی سی کی دو روزہ نویں وزارتی کانفرنس برائے خواتین کی کامیاب میزبانی پر ترکیہ کی وزیر برائے فیملی اینڈ سوشل سروسز ماہِ نور اوزدیمیر گوکتاش اور پاکستان میں ترکیہ کے سفیر نے پاکستانی خواتین کو خراجِ تحسین پیش کیا ہے۔ترک وزیر نے اپنے خصوصی پیغام میں کہا کہ یہ پیغام ان تمام باصلاحیت پاکستانی نوجوان خواتین کے نام ہے جنہوں نے اسلام آباد میں ہونے والی نویں او آئی سی وزارتی کانفرنس برائے خواتین کی کامیابی میں نمایاں کردار ادا کیا۔
انہوں نے کہا کہ پاکستانی خواتین نے اپنی غیر معمولی پیشہ ورانہ صلاحیت، بھرپور لگن اور انتھک محنت کے ذریعے نہ صرف پاکستان کی بہترین انداز میں نمائندگی کی بلکہ اس اہم بین الاقوامی کانفرنس کو کامیاب بنانے میں بھی کلیدی کردار ادا کیا۔
ماہِ نور اوزدیمیر نے کانفرنس کے انتظامات اور پاکستانی خواتین کی پیشہ ورانہ کارکردگی کو سراہتے ہوئے کہا کہ ان کی محنت اور عزم قابلِ تعریف ہے اور وہ اس کامیابی پر ہر خاتون کو دلی مبارکباد پیش کرتی ہیں۔
کانفرنس کی کامیاب میزبانی کو پاکستان کے لیے ایک اہم سفارتی کامیابی قرار دیا جا رہا ہے، جبکہ ترک وزیر کے پیغام کو پاکستانی خواتین کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں کے اعتراف اور دونوں برادر ممالک کے مضبوط تعلقات کی عکاسی بھی سمجھا جا رہا ہے۔



