یومِ استحصالِ کشمیر،دوبئی میں پاکستانی قونصل خانے کا کشمیریوں سے اظہارِ یکجہتی

دبئی : ایم این این

دبئی میں پاکستان کے قونصل خانے کے زیرِ اہتمام یومِ استحصالِ کشمیر کے موقع پر ایک خصوصی تقریب کا انعقاد کیا گیا، جس میں متحدہ عرب امارات میں مقیم پاکستانی اور کشمیری برادری کے افراد نے شرکت کی۔

تقریب کا مقصد بھارت کی جانب سے 5 اگست 2019 کو مقبوضہ جموں و کشمیر کی متنازع آئینی حیثیت تبدیل کرنے سے متعلق اقدامات کی یاد تازہ کرنا اور کشمیری عوام کے ساتھ اظہارِ یکجہتی کرنا تھا۔

اس موقع پر پاکستان کے قونصل جنرل حسین محمد نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ یومِ استحصالِ کشمیر کشمیری عوام کی قربانیوں، مشکلات اور ان کی مسلسل جدوجہد کی یاد دلاتا ہے۔ انہوں نے کشمیری عوام کے حوصلے، استقامت اور عزم کو خراجِ تحسین پیش کیا۔

قونصل جنرل کا کہنا تھا کہ 5 اگست 2019 صرف ایک تاریخ نہیں بلکہ مسئلہ جموں و کشمیر میں ایک اہم موڑ تھا۔ انہوں نے کہا کہ بھارت کے یکطرفہ اقدامات سے جموں و کشمیر کی بین الاقوامی سطح پر تسلیم شدہ متنازع حیثیت تبدیل نہیں ہو سکتی اور نہ ہی کشمیری عوام کے حقِ خودارادیت کو ختم کیا جا سکتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ “کشمیر صرف زمین کا ایک ٹکڑا نہیں بلکہ ایک تاریخ، ایک شناخت اور لاکھوں انسانوں کی امیدوں اور امنگوں کی علامت ہے۔” ان کا کہنا تھا کہ مسئلہ کشمیر کا منصفانہ اور دیرپا حل صرف بین الاقوامی قوانین اور اقوامِ متحدہ کی سلامتی کونسل کی متعلقہ قراردادوں کے مطابق ہی ممکن ہے۔

حسین محمد نے کہا کہ پاکستان کشمیری عوام کی سیاسی، سفارتی اور اخلاقی حمایت جاری رکھے گا اور دنیا بھر میں مقیم پاکستانی و کشمیری برادری مسئلہ کشمیر اور انسانی حقوق کی صورتحال کو عالمی سطح پر اجاگر کرنے میں اپنا کردار ادا کرتی رہے۔

تقریب میں پاکستان کی قیادت کے یومِ استحصالِ کشمیر سے متعلق خصوصی پیغامات بھی پڑھ کر سنائے گئے، جبکہ مقبوضہ جموں و کشمیر میں انسانی حقوق کی صورتحال پر مبنی تصویری نمائش اور خصوصی ڈاکومنٹری بھی پیش کی گئی۔

مزید پڑھیں
- Advertisment -
Google search engine

مزید پڑھیں