اسلام آباد(ایم این این)ضلعی مجسٹریٹ اسلام آباد نے کفایت شعاری اور توانائی بچت اقدامات کے تحت کاروباری اوقات کار سے متعلق نیا نوٹیفکیشن جاری کر دیا ہے، جس کے مطابق عیدالاضحیٰ کے پیش نظر دی گئی عارضی نرمی ختم کرتے ہوئے مارکیٹس، شاپنگ مالز اور دیگر تجارتی مراکز کے سابقہ اوقات کار دوبارہ بحال کر دیے گئے ہیں۔
31 مئی 2026 کو جاری کردہ نوٹیفکیشن کے مطابق اسلام آباد کی تمام مارکیٹس اور شاپنگ مالز یکم جون 2026 سے رات 8 بجے بند ہوں گی۔ یہ فیصلہ حکومت کی جاری کفایت شعاری مہم اور توانائی کے مؤثر استعمال کے اقدامات کے تحت کیا گیا ہے۔
نوٹیفکیشن میں بعض شعبوں کو استثنیٰ بھی دیا گیا ہے، جن میں فارمیسیاں، میڈیکل اسٹورز، اسپتال، میڈیکل لیبارٹریز، پٹرول پمپس، سی این جی اسٹیشنز، دودھ اور ڈیری شاپس، جمنازیم، پیڈل کورٹس، کال سینٹرز اور بین الاقوامی کلائنٹس کے ساتھ کام کرنے والی آئی ٹی کمپنیاں شامل ہیں۔

ضلعی انتظامیہ کے مطابق ریستوران، فوڈ آؤٹ لیٹس، تنور، کریانہ اسٹورز، گوشت، پھل، سبزی اور بیکری کی دکانیں رات 10 بجے تک کھلی رہ سکیں گی، جبکہ ٹیک اوے اور ہوم ڈلیوری سروسز پر کسی قسم کی پابندی عائد نہیں ہوگی۔
اسی طرح شادی ہالز، مارکیز اور دیگر تقریباتی مقامات بھی رات 10 بجے بند کرنے کے پابند ہوں گے، تاہم نجی رہائش گاہوں میں ہونے والی تقریبات اس پابندی سے مستثنیٰ ہوں گی۔
انتظامیہ کا کہنا ہے کہ عیدالاضحیٰ کے دوران عوامی سہولت کے پیش نظر کاروباری اوقات میں عارضی نرمی دی گئی تھی، تاہم اب اس رعایت کے خاتمے کے بعد سابقہ اوقات کار دوبارہ نافذ کر دیے گئے ہیں۔
نوٹیفکیشن یکم جون 2026 سے نافذ العمل ہوگا اور آئندہ احکامات تک مؤثر رہے گا۔



