اسلام آباد میں بلدیاتی انتخابات کی تیاریاں تیز، الیکشن کمیشن نے مطلوبہ دستاویزات فوری طلب کر لیں

اسلام آباد (ایم این این)وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں بلدیاتی انتخابات کے انعقاد کی جانب اہم پیش رفت، الیکشن کمیشن آف پاکستان نے حلقہ بندیوں اور بلدیاتی انتخابات کے انعقاد کے لیے وزارت داخلہ اور آئی سی ٹی انتظامیہ سے ضروری دستاویزات اور ڈیٹا فوری فراہم کرنے کی ہدایت کر دی ہے الیکشن کمیشن آف پاکستان کی جانب سے یکم جون 2026 کو جاری کیے گئے مراسلے میں وزارت داخلہ اور چیف کمشنر اسلام آباد کو ہدایت کی گئی ہے کہ بلدیاتی انتخابات کے انعقاد اور حلقہ بندیوں کے عمل کو مکمل کرنے کے لیے درکار اہم دستاویزات فوری طور پر فراہم کی جائیں۔
مراسلے کے مطابق الیکشن کمیشن کو تاحال ٹاؤن کارپوریشنز کی حدود سے متعلق نوٹیفکیشن، ہر ٹاؤن کارپوریشن میں یونین کونسلز کی تعداد کا نوٹیفکیشن، اور ٹاؤن کارپوریشنز کے مستند و اپ ڈیٹ نقشے موصول نہیں ہوئے۔الیکشن کمیشن نے اپنے خط میں واضح کیا ہے کہ 13 مئی 2026 کو ہونے والے کمیشن کے اجلاس میں متعلقہ اداروں کو یہ دستاویز فراہم کرنے کے لیے دس دن کی مہلت دی گئی تھی، تاہم مقررہ مدت گزر جانے کے باوجود مطلوبہ ریکارڈ فراہم نہیں کیا گیا۔

کمیشن کے حالیہ اجلاس میں اس صورتحال کا جائزہ لیتے ہوئے متعلقہ حکام کو ہدایت کی گئی ہے کہ تمام نوٹیفکیشنز اور اپ ڈیٹ نقشے تین دن کے اندر الیکشن کمیشن کو فراہم کیے جائیں تاکہ حلقہ بندیوں کا عمل مکمل کیا جا سکے۔
مراسلے میں یہ بھی کہا گیا ہے کہ مقامی حکومتوں سے متعلق مجوزہ قانون سازی پر غور کے لیے اسٹینڈنگ کمیٹی کا اجلاس بھی طلب کیا جا سکتا ہے، جبکہ قواعد و ضوابط میں ممکنہ ترامیم کا معاملہ وفاقی کابینہ کے سامنے بھی رکھا جا سکتا ہے۔
الیکشن کمیشن نے اس تمام عمل کو بلدیاتی انتخابات کے بروقت انعقاد کے لیے ناگزیر قرار دیا ہے۔
سیاسی حلقوں کے مطابق الیکشن کمیشن کی جانب سے جاری یہ مراسلہ اسلام آباد میں طویل عرصے سے التوا کا شکار بلدیاتی انتخابات کے انعقاد کی جانب ایک اہم پیش رفت تصور کیا جا رہا ہے، اور اب نظریں متعلقہ اداروں کی جانب سے مطلوبہ دستاویزات کی فراہمی پر مرکوز ہیں۔

مزید پڑھیں
- Advertisment -
Google search engine

مزید پڑھیں