گلگت (ایم این این)چیئرمین پاکستان تحریک انصاف بیرسٹر گوہر علی خان گلگت بلتستان کے ضمنی انتخابات کی انتخابی مہم کے سلسلے میں اسکردو پہنچ گئے، جہاں پارٹی کارکنوں اور حامیوں نے ان کا پرتپاک استقبال کیا۔
اس موقع پر کارکنوں کی بڑی تعداد نے نعرے بازی کی اور پارٹی قیادت کے حق میں بھرپور جوش و خروش کا مظاہرہ کیا۔
اسکردو پہنچنے کے بعد بیرسٹر گوہر علی خان نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر اپنے پیغام میں کہا کہ وہ گلگت بلتستان کے انتخابی معرکے میں حصہ لینے کے لیے اسکردو پہنچ چکے ہیں اور یہ انتخاب محض اقتدار کے حصول کی جدوجہد نہیں بلکہ گلگت بلتستان میں جمہوریت کے مستقبل کا فیصلہ بھی ہے۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان تحریک انصاف بانی چیئرمین کا پیغام ہر شہر، قصبے اور گاؤں تک پہنچا رہی ہے اور عوام کے ساتھ براہ راست رابطے کے ذریعے معاشی ترقی، اچھی حکمرانی اور سماجی انصاف پر مبنی اپنا پروگرام پیش کر رہی ہے۔
بیرسٹر گوہر نے پارٹی کارکنوں، حامیوں اور گلگت بلتستان کے عوام سے اپیل کی کہ وہ اس جمہوری جدوجہد میں تحریک انصاف کا ساتھ دیں اور ووٹ کی طاقت سے اپنے مستقبل کا فیصلہ کریں۔
چیئرمین پی ٹی آئی کا کہنا تھا کہ ان کی جماعت کو مختلف رکاوٹوں کا سامنا رہا، انتخابی نشان واپس لیا گیا، پارٹی قیادت اور کارکنوں پر پابندیاں عائد کی گئیں اور انتخابی سرگرمیوں میں مشکلات پیدا کی گئیں، تاہم اس کے باوجود تحریک انصاف عوامی رابطہ مہم جاری رکھے ہوئے ہے۔
انہوں نے کہا کہ ان کی جماعت عوامی خدمت، بہتر طرز حکمرانی اور قومی ترقی کے ایجنڈے کے ساتھ میدان میں موجود ہے اور عوام کے مینڈیٹ کی خواہاں ہے۔
بیرسٹر گوہر نے امید ظاہر کی کہ گلگت بلتستان کے عوام سات جون کو ہونے والے انتخابات میں پاکستان تحریک انصاف کے امیدواروں کو کامیاب بنائیں گے اور اپنے ووٹ کے ذریعے جمہوری عمل کو مضبوط کریں گے۔
گلگت بلتستان میں انتخابی سرگرمیوں میں تیزی آ چکی ہے، جہاں مختلف سیاسی جماعتوں کے قائدین انتخابی مہم میں مصروف ہیں جبکہ عوامی جلسوں اور رابطہ مہمات کا سلسلہ بھی جاری ہے۔



